- الإعلانات -

وزیراعظم نااہلی ریفرنس کیس، لاہور ہائیکورٹ میں فریقین کے جوابات جمع

لاہور:وزیراعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی جس میں وزیر اعظم ، اسپیکر قومی اسمبلی اور وزارت قانون کے جوابات پیش کر دیے گئے، الیکشن کمیشن کو یکم دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ  میں سماعت ہوئی، وزیر اعظم نواز شریف ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزارت قانون نے جوابات جمع کرا دئیے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے درخواست پر سماعت کی، وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ ایڈوکیٹ کی وساطت سے 20 صفحات پر مشتمل جواب عدالت میں جمع کروایا گیا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کو اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کے خلاف سماعت کا اختیار نہیں، اسپیکر نے آئین کے آرٹیکل 63 کے ذیلی آرٹیکل 2 کے تحت فیصلہ کیا، ریفرنس مسترد کرنے کا فیصلہ ا سپیکر کا صوابدیدی آئینی اختیار تھا۔

وزیراعظم کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ نااہلی کے لئے دائر ریفرنس حقائق پر مبنی نہیں، خبر کی بنیاد پر الزامات لگائے گئے، وزیراعظم کا کہنا ہے مریم، حسن اور حسین نواز وزیر اعظم کی کفالت میں نہیں ہیں۔

عدالت سے نا اہلی کا ریفرنس مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔