- الإعلانات -

عمران خان نے تیسری بار شادی کا لڈو کھانے کا اشارہ دیدیا

عمران خان نے تیسری بار شادی کا لڈو کھانے کا اشارہ دیدیا ،مانچسٹر میں دوست کی بہن کی شادی میں خود اپنی شادی کا تذکرہ کیا اورکہا ہوسکتا ہے تیسری شادی کامیاب ہوجائے ۔

زندگی میں دو کیریئر اپنانے اور دوشادیاں کرنے والے عمران خان کی زبان پر ایک بار پھر شادی کا نام آگیا، شادی کی تقریب میں شادی کا اشارہ دے دیا ۔مانچسٹر میں دوست کی بہن کی شادی میں خود اپنا بھی تذکرہ کردیا، اعتراف کرتے ہوئے کہا ہوسکتا ہے تیسری شادی کامیاب ہوجائے، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ان کا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں شادی سے متعلق ان سے مشورہ نہ لیں۔

عمران خان نے جہاں یہ کہا کہ ان کا ٹریک ریکارڈ ٹھیک نہیں ہے ، وہیں وہ ازراہ مذاق ہی سہی ، یہ اشارہ بھی دے گئے کہ ہوسکتا ہے تیسری بار وہ خوش قسمت ثابت ہوں ۔

عمران خان کے اس چھوٹے سے جملے نے ان کے چاہنے والوں میں کھلبلی مچادی ہے ،پرستاروں میں جوش بڑھادیا ہے لیکن بہت سے سوال بھی ذہنوں میں اٹھنے لگے ہیں،کیا عمران خان نے واقعی شادی کا ارادہ کرلیا لیا؟کیا عمران خان نے اپنی تیسری دلہن ڈھونڈ لی ہے ؟

اگر دلہن کی تلاش مکمل ہوگئی تو پھر اب معاملہ کس مرحلے پر ہے؟اور کہیں ایسا تو نہیں کہ کپتان چھکا لگا چکے ہوں اور کسی کو کانوں کان خبر ہی نہ ہوئی ہو۔

جیسا کہ دوسری شادی میں بھی سامنے آیا ، کہ نکا ح بہت پہلے ہوچکا تھا اور اس کا اعلان کافی بعد میں ہوا ،کیا اس بار بھی یہی حکمت عملی ہے یا کچھ اور ، یا کچھ بھی نہيں ، بات صرف مذاق میں کہی ۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان برطانیہ کے شہر مانچسٹر پہنچے تو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کا دورہ کسی سازش کا حصہ نہیں،شادی میں شرکت کے لیے آئے ہیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے تھے حامد خان کیس کی پیروی کریں مگر میڈیا کا دباؤ پڑا تو انھوں نے کیس سے نکلنے کا کہا ہے، واپس جا کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس میں ثبوت ہم کو نہیں ن لیگ کو دینے ہیں، عدالت جو فیصلہ کرے گی اسے قبول کریں گے۔

مانچسٹر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ پہلی بار ملک کا چیف ایگزیکٹو کٹہرے میں کھڑا ہے، پی ٹی آئی عدالت کی مدد کررہی ہے ،ثبوت دینے کی ذمہ داری ان کی نہیں نوازشریف کی ہے ۔