- الإعلانات -

پاناما لیکس کیس: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی تحریک انصاف پر شدید تنقید

اسلام آباد: پاناما کیس کی سماعت کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی تحریک انصاف پر شدید تنقید، حکومتی ارکان کہتے ہیں وزیراعظم سرخرو ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد حکومتی ارکان تحریک انصاف پر خوب برسے، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وکیل تبدیل کرنے سے کیس مضبوط نہیں ہو تا، تحریک انصاف نے وکیل تبدیل کیا مگر دلیلیں وہی پرانی ہیں۔ آج بھی تحریک انصاف کے وکیل ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ وزیراعظم پی ٹی آئی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے، جو کاغذات لہرائے جا رہے تھے وہ عدالت میں پیش کیوں نہیں کئے جا رہے، وزیر اعظم ماضی کی طرح اس بار بھی سرخرو ہوں گے۔

وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے عمران خان اور شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ لوگ پاناما پیپرز پر صرف سیاست چمکا رہے ہیں، قوم کو گمراہ کرنے والوں کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے بہتر ہے کہ جھوٹ بولنے والوں کا قلع قمع کیا جائے۔

دانیال عزیز  کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وکیل اپنے موقف سے ہٹ گئے ہیں انہوں نے جو دلائل کمرہ عدالت میں دئے ان سے شریف خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہے، عوام کو جو بتاتے رہے وہ ادھیڑ کر رکھ دیا، وزیر اعظم کے خطاب سے رام کہانی گھڑی گئی ہے۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب آپ شوق سے وزیر اعظم پر فلم بنائیں، بچے بھی دیکھیں گے، آپ پر فلم بنی تو سینسر بورڈ پاس بھی نہیں کرے گا، پی ٹی آئی وکیل کی جگہ اداکار لے آئی ہے ایسے کیس نہیں جیتے گی۔