- الإعلانات -

بھٹو کا بیٹا پنجابی سیاست پر جمہوری قبضہ کرنے آیا ہے، بلاول

بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات جاری ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے آج خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شہید بھٹو کا بیٹا پنجابی سیاست پر جمہوری قبضہ کرنے لاہور آیا ہے،پورا پنجاب تالیاں بجائے گا اور آصف زرداری ایک بارپھر سے ہمارے صدر بن جائیں گے۔

لاہور میں گلگت بلتستان کے کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں صدر، وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے ہوں گے۔

پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پرآج بلاول بھٹونے اپنی توپوں کا رخ پھر چوہدری نثار اور ن لیگ کی طرف رکھا ،انہوں نے کہاکہ جب نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا تھا تو وزیرداخلہ،ڈاکٹر عاصم اور ایان علی کو پکڑرہے تھے اور جب حکیم اللہ محسود مرا تو وہ آنسو بہارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کے خلاف صرف سیاسی وجہ سے ہیں، دہشت گردوں سے ہمارے جوان، آپ اور میں لڑ رہے ہیں، باقی سب ہماری لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ ن لیگ کا این آر او دہشت گردوں کے ساتھ ہے،آج بھی امیرالمومنین بننا چاہتے ہیں، داڑھی پیٹ میں چُھپا رکھی ہے۔

لاہور میں یوم تاسیس کی تقریب میں آج بلاول بھٹو زرداری کی زبان بھی پھسل گئی، تاہم فوراً ہی انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو گیا۔