- الإعلانات -

لاہور:بجلی کی فراہمی بارہ گھنٹے سے زائد معطل ، شہریوں کو شدید مشکلات

لاہور:نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی ایک سو بیس کے وی برقی لائنوں میں فنی خرابی (Electricity Load shedding)کی وجہ سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی بارہ گھنٹے سے زائد تک معطل رہی نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنز میں دھند کی وجہ سے ٹرپنگ پیدا ہوئی جس کی وجہ سے بجلی کی ترسیل کا نظام برُی طرح متاثر ہوا۔

ایک سو بیس کے وی کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کی وجہ سے لیسکو کے تمام گرڈ سٹیشنز کو بند کر دیا گیا اور لوڈ شیڈنگ کرنے کا اختیار نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے کمپنی سے واپس لے لیا۔

بجلی بندش کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی ٹرپنگ کی وجہ سے ان کی قیمتی اشیاء جل گئیں جبکہ سکول ، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء سمیت دفاتر جانے والے ملازمین کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

موسم سرما میں دھند کی وجہ سے بجلی کا یہ دوسرا طویل بریک ڈاون ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ شہر کو بجلی فراہم کرنے والی ٹرانسمیشن لائنز کتنی بوسیدہ ہو چکی ہیں ، نامناسب دیکھ بھال کی وجہ سے ٹرپنگ کا باعث بن رہی ہیں۔