- الإعلانات -

چمن میں بارش سے موسم خوشگوار،ملک کے دیگر حصوں میں جل تھل کی پیشگوئی

لاہور/فیصل آباد/ پشاور/گوجرانوالہ(24 نیوز)موسمیاتی تبدیلیوں سے لوگ مختلف امراض کا شکار ہونے لگے ، چمن میں بارش(Rain) سے موسم خوشگوار ، محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوص میں بھی جل تھل کی پیش گوئی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بارشوں کی کمی سے لوگ موسمی امراض کا شکار ہو رہے ہیں ، چمن اور گرد و نواح میں بارش سے موسم میں خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی ، محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارش کی نوید سنا دی ہے۔

بارش برسانے والی مغربی ہواؤں سے بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی کوژک ٹاپ سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ، بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ، زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

پنجاب سمیت پشاور اور ملک کے مختلف علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈالے رکھے ۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانولہ، سرگودھا، شیخوپورہ سمیت مختلف علاقوں میں دھند سے حد نگاہ کم ہوگئی۔

موٹروے پولیس نے ایم تھری فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی، ایم 4 پر بھی گو جرہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی ، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ابر رحمت برسنے کی نوید سنا دی۔

اسلام آباد ، راول پنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ ، سرگودھا اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے۔

فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بادل برسیں گے جس سے موسمی بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔