- الإعلانات -

سڑکیں اور پل بنانے سے قومیں نہیں بنتیں:عمران خان

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سڑکیں اور پل بنانے سے قومیں نہیں بنتیں، قومیں انسانوں پر سرمایہ لگانے سے بنتیں ہیں، پانامہ لیکس سے فارغ ہو کر ملک میں نظام تعلیم کو بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کروں گا۔

ذارئع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نمل یونیورسٹی میانوالی کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی دلچسپی کے بغیر تعلیم کا حصول ممکن نہیں۔ پاکستان میں تعلیمی ادارے رقم بنانے کی دکانیں بن چکی ہیں۔

کانووکیشن کے خطاب میں بھی کپتان نون لیگ کی حکومت پر تنقید کرنا نہیں بھولے کہتے ہیں کہ حکمران سڑکوں اور پلوں پر تو پیسے لگا رہے ہیں لیکن انسانوں کی  حالت زار کا انہیں کچھ خیال نہیں، سڑکیں اور پل بنانے سے ملک نہیں بنتے، سنگا پور میں تعلیم اور انسانوں پر سرمایہ کاری کرنے سے ترقی ہوئی ہے۔

عمران خان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ سنگاپور جیسا چھوٹا ملک بھی اپنے وسائل کا زیادہ حصہ انسانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتا ہے لیکن یہاں کے حکمران ہمیشہ عوام  سے جھوٹ بول کر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں اڑھائی کروڑ بچے تعلیم جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔

اس موقع پر گریجویشن کرنے والے طلبہ کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ نمل یونیورسٹی کے نئے بلاک کی تعمیر کے لیے عمران خان نے دو گھنٹوں میں آٹھ کروڑ روپے کے فنڈ جمع کیے۔