- الإعلانات -

پاکستان اور بوسنیا ہرزے گوینا کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

سرائیوو: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بوسنیا ہرزے گوینا کے وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف امور پر تعاون بڑھانے میں اتفاق ہوا۔

بوسنیا کے شہردارالحکومت سرائیوو میں اپنے ہم منصب ڈینس زو ویدے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بوسنیا ہرزے گوینا کے تاریخی شہر آ کر بہت خوشی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بوسنیا کے وزیراعظم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بوسنیا کے وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھا نے پر اتفاق ہوا جب کہ پاکستان اور بوسنیا کے درمیان شاہراہؤں کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں توانائی بحران پر قابو پانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے بھی بوسنیا کے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان ویزہ ختم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

بوسنیا کے وزیراعظم ڈینس زو ویدے کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا مخلص دوست ہے اور گزشتہ 25 برسوں میں پاکستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوا اور دونوں ملک مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھا سکتے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف سرائیوو میں وزیراعظم ہاؤس  پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف گذشتہ روز3 روزہ سرکاری دورے پر  بوسنیا ہزے گوینا پہنچے تھے۔