- الإعلانات -

کل بھوشن کے نیٹ ورک کو مزید دریافت کررہے ہیں،سرتاج عزیز

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کہتے ہیں ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ میں آواز اٹھائی ہے،بھارت ایل اوسی پرفائرنگ کا جوازدیتا ہے کہ سرحد پارسے دہشت گرد آرہے تھے،پڑوسی جس طرح دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے اسے سامنے لانا زیادہ اہم ہے۔

مشیر خارجہ اور سیکریٹری خارجہ نے ان خیالات کا اظہار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ کلبھوشن یادیو کے بارے میں تحقیقات ہو رہی ہیں،میں نے کہا اضافی معلومات چاہییں، میڈیا نے اسے شواہد کہہ کر رپورٹ کیا۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سوال اٹھایا کہ کلبھوشن مارچ میں گرفتار ہوا، اتنا عرصہ گزرگیا ہے، ہمارا کیس کمزور ہو رہا ہے۔

سرتاج عزیز نے بتایا کہ ہمارا کیس ہرگزکمزور نہیں، کلبھوشن ایک حاضر سروس افسر ہے، اس سے واضح ہے کہ بھارت مداخلت کر رہا ہے، کیس کے ڈوزئیر کی تیاری حتمی مراحل میں ہے، شروع میں اس کی ویڈیو جاری کی، جلد مزید اطلاعات آئیں گی۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال بھارت کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے دوران 45 شہری شہید ہوئے، اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو تحریری طور پرآگاہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد موجود ہے، کسی نئی قرارداد کی ضرورت نہیں، ہم نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کو بھی متحرک کیا، بھارت نے انہیں مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی۔

اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں مداخلت نہیں اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو واضح پیغام دیا ہےکہ ہم افغانستان میں تشدد نہیں چاہتے۔

ان کا کہناتھاکہ پاکستان میں بیٹھ کرایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، ان نیٹ ورکس کا زیادہ حصہ افغانستان میں ہی ہے۔