- الإعلانات -

آصف زرداری کا بلاول بھٹو کیساتھ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

نوڈیرو:پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری (Asif Zardari)نے کہا ہے کہ فیصلہ کر لیا مغل بادشاہ کو نہیں چھوڑیں گے ، میں اور بلاول دونوں پارلیمنٹ میں جائیں گے ، میں نوابشاہ اور بلاول بھٹو لاڑکانہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ میاں صاحب الیکشن جیتے نہیں بلکہ ہم نے امانت سمجھ کر اقتدار سونپا۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سپریم کورٹ لگائے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ، سپریم کورٹ کے احتساب پر کوئی اعتراض نہیں ہے ، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ مغل بادشاہ کو نہیں چھوڑیں گے۔

بلاول بھٹو نے حکومت پر حملہ آور ہونے کی کوئی بات نہیں کی بلکہ اپنے حق کی بات کی ہے ، ہم وکلا سمیت ہر تنظیم کے پاس جائیں گے اور اپنے ساتھ ملائیں گے ، احتجاج ہمارا بنیادی حق ہے ۔

میاں صاحب اگر آپ ٹرینیں بنا سکتے ہیں تو نئے جہاز بھی خرید سکتے ہیں ، میاں صاحب آپ اس وقت کو یاد کریں جب میں نے آپ کو اقتدار منتقل کیا تو آپ نے فون کر کے مجھے مبارکباد دی لیکن ہم نے آپ کو مغل بادشاہت بنانے اور شہزادہ سلیم بننے کے لیے اقتدار نہیں سونپا تھا۔

انھوں نے کہا کہ مارچ میں بتائیں گے کیا ہونے جا رہا ہے ، کیا ہونا چاہئے ، میں نہیں مانتا کہ میاں صاحب پاکستان اور پنجاب میں مضبوط ہیں ، احتجاج بھی کریں گے اور عدالت بھی جائیں گے۔ میاں صاحب آپ نے ہماری جمہوریت کا خانہ خراب کر دیا ہے ۔