- الإعلانات -

کراچی میں قاتلوں کو سزا نہیں ملتی، عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں قاتلوں کو سزا نہیں ملتی، پولیس پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے،پولیس سےلوگوں کو امید نہیں، لوگوں کو رینجرز اور ملٹری کورٹس سے امید ہے۔

یہ بات انہوں نے پٹیل پاڑا میں قتل کیے گئے کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فضل رحیم کو ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بنایاگیا،پولیس کو چاہیے فوری ذمے داروں کا تعین کرے، کارکن کے قتل کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فضل رحیم کوتحریک انصاف کےکنونشن سےآتےہوئےٹارگٹ کیا گیا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مددسے تفتیش کو آگے لےجایا جائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پولیس میں تبدیلیوں پر عوام کو اعتماد نہیں، جب تک ٹارگٹ کلرزکو نہیں پکڑا جائے گا جرائم میں کمی نہیں ہوگی، ذمے داروں کو نہ پکڑا گیا تو احتجاج کریں گے۔

اس سے قبل عمران خان ضلع وسطی کے علاقے کریم آباد میں ضلعی دفتر کے افتتاح کے لیے پہنچے تاہم بد نظمی کی وجہ سے وہ دفتر کا افتتاح کیے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔