- الإعلانات -

پاناما کیس میں وزیراعظم کے وکیل مخدوم علی خان نے چھٹیوں کی درخواست دیدی

اسلام آباد: پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان نے چھٹی کی درخواست دے دی جو چیف جسٹس پاکستان نے منظور کرلی۔

پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے دی گئی چھٹی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ذاتی مصروفیات کے باعث 13 سے 24 فروری تک پیش نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ  پاناما کیس میں دلائل  دے چکا ہوں اس لیے میرے جانے سے کیس متاثر نہیں ہو گا۔

دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مخدوم علی خان کی رخصت کی درخواست پر انتظامی حکم جاری کردیا ہے جس کے تحت وزیراعظم کے وکیل کی عمومی رخصت کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جاری انتطامی حکم میں کہا گیا ہےکہ وزیراعظم کے وکیل کی رخصت کے دوران پاناما کیس مقرر کیا گیا تو رخصت کی درخواست مؤثر نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کر رہا ہے تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس عظمت سعید شیخ کی بیماری کے باعث گزشتہ ہفتے سے سماعت نہیں ہو سکی ہے۔