- الإعلانات -

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنیکی ہدایت

لاہور : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس، پنجاب میں جاری بجلی کے پیداوری اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، وزیر اعظم نے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ترقیاتی منصوبے وقت سے پہلے مکمل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی اور بجلی کے پیداواری منصوبوں، قدرتی گیس کے حصول، نئے سکولوں کا قیام اور پہلے سے موجود سکولوں میں سہولیات کی کمی، نئے بنیادی ہیلتھ یونٹس اور پہلے سے موجود بنیادی مراکز صحت میں سہولیات فراہم کرنے اور کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی حکومت ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی مراکز صحت اور سکولوں کی مسنگ سہولتوں کو پورا کیا جائے۔ حکومت نئے سکول اور جدید دیہی مراکز بھی قائم کرے گی۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گورنر پنجاب کے جواں سالہ بھانجے کےانتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

گورنر ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔