- الإعلانات -

وزیراعظم نواز شریف پی ایس ایل معاملے کا نوٹس لیں: خورشید شاہ

اسلام آباد : قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ بد قسمتی سے اپنے آغاز میں ہی تنازعات کا شکار ہوگئی ہے، وزیر اعظم نواز شریف کو اس معاملے کا نوٹس لیکر کرکٹ میں بہتری کیلئے پائیدار حل تلاش کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں اپوزلیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل میں جو کچھ ہوا اس میں صرف کھلاڑیوں کا ہی قصور نہیں بلکہ انتظامی کوتاہی بھی شامل ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر بکیز سے ملاقات یا میل جول کا خدشہ پہلے سے موجود تھا تو پھر ایسے انتظامات کیوں نہ کئے گئے کہ کوئی مشکوک آدمی ان تک رسائی حاصل نہ کر سکتا اور اس ایونٹ سے پہلے اس مسئلے پر ان کی اچھی طرح رہنمائی کی جاتی تاکہ وہ ایسے مسائل سے خود بھی دوچار نہ ہوتے اور ملک و قوم کیلئے ندامت کا باعث بھی نہ بنتے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو غلطی کا موقع دیکر پکڑنا کوئی کمال نہیں بلکہ عقل مندی کا تقاضا تو یہ تھا کہ اس برائی کو کھلاڑیوں تک پہنچنے سے پہلے ہی روکا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں اعلیٰ عہدوں کی تقسیم سیاست کی بجائے میرٹ اور پروفیشنلزم کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔