- الإعلانات -

عمران خان پاکستان کےدشمنوں کی زبان بول رہےہیں، راناثنااللہ

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا  ہے کہ عمران خان نے پی ایس ایل کے غیرملکیوں کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ پاکستان دشمنوں کی زبان ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے فائنل میچ نے پوری قوم کو متحد کردیا، فائنل میچ نے دنیا کے سامنے پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ پیش کیا ہے، قوم نے میچ دیکھ کردہشت گردوں کو شکست دی اورثابت کر دیا کہ ہم دہشت گردی کےخلاف  اور دہشت گردی سے ڈرنے والے نہیں لیکن عمران خان نے ایک بار پھرنامناسب زبان استعمال کر کے ثابت کردیا کہ وہ اس قوم کے لیڈر بننے کے قابل نہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم کے سامنے ضدی بچے عمران خان کا چہرہ عیاں ہے، وہ ہمیشہ اپنے مخالفین کےخلاف گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں اور اب اپنی زبان پر قابو نہیں رکھ سکتے، انہوں نے پی ایس ایل مہمانوں کے لیے جو زبان استعمال کی وہ توہین آمیز اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کی زبان ہے، عمران خان کو صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے لیکن ان کے بیان نے ثابت کر دیا کہ وہ ملک اور قوم کے لیڈر بننے کے قابل نہیں، عمران خان نے کھلاڑیوں کی عزت نفس مجروح کی ہے، پی ٹی آئی کے سمجھدار لوگ اس بیان کو مسترد کر دیں اور عمران خان اپنا بیان واپس لے کرقوم سے معافی مانگیں۔

وزیرقانون نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو بھی  چاہیے وہ اپنی زبان میں شائستگی لائیں، ان کا حال قصائی کی چھری جیسا ہے جو حلال اور حرام پر یکساں چلتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں پر (ن) لیگ کا موقف واضح ہے ہم پہلے کی طرح کی فوجی عدالتیں چاہتے ہیں۔