- الإعلانات -

سعید اجمل نے دعوت اسلامی سے منسلک ہونے کا فیصلہ کرلیا.

کراچی : حج کی سعادت کے بعد قومی آف اسپنر سعید اجمل پر مذہبی رجحانات حاوی ہو گئے ہیں اورانہوں نے دعوت اسلامی سے منسلک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے البتہ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ فی الحال ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سعید اجمل نے کیریئر کو مشکلات سے دوچار ہوتے دیکھ کر خود کو دین سے قریب تر کر لیا ہے اور سعودی عرب سے حج کی سعادت کے بعد وطن واپسی پر انہیں سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس پر ہری پگڑی باندھے لوگوں کو دین کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آف سپنر نے کراچی میں واقع دعوت اسلامی کے ہیڈ کوارٹر میں سیشن اٹینڈ کرنا شروع کر دیئے ہیں اور انہیں مدنی ٹی وی چینل پر بھی دیکھا گیا ہے ۔ بدھ کو 38ویں سالگرہ منانے والے آف سپنر کھیل کے تینوں فارمیٹس میں نمایاں کارکردگی کے حامل رہے لیکن بالنگ ایکشن کی جانب سے مشکلات کے سبب انہیں قومی ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ ڈومیسٹک سیزن کے دوران اپنے ادارے کی جانب سے کوالیفائنگ میچز میں شرکت کریں گے اور انہوں نے ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کی امید نہیں چھوڑی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور ڈومیسٹک سیزن میں کھیل کر دیکھیں گے کہ آنے والے حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں اور اس کے بعد ہی وہ کسی نتیجے پر پہنچ سکیں گے ۔ انہیں اپریل میں آخری بار بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے دوران مختصر فارمیٹ کے میچوں میں موقع دیا گیا تھا ۔