- الإعلانات -

کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 14افراد جاں بحق

کرم ایجنسی: گودر میں مسافر بس سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں  4 خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پارہ چنار کے علاقے گودر میں پارہ چنار سے سدہ جانے والی مسافر وین سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکراگئی۔ واقعے کے فوری بعد مقامی افراد اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعدادعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کررہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے خصوصی طور پر ایم آئی17 ہیلی کاپٹر پارہ چنار پہنچایا گیا، جس کے ذریعے شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کردیا گیاہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے لیے ہر ممکن بہتر طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔