- الإعلانات -

کراچی میں رواں ہفتے شدید گرمی کا خدشہ، پارہ 41 تک چڑھنے کا امکان

کراچی: محمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے شہر قائد ایک مرتبہ پھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آئے گا تاہم ہیٹ اسٹروک کا کوئی امکان نہیں۔

ملک بھرمیں گزشتہ ہفتے شدید گرمی کا راج رہا لیکن کراچی میں موسم سمندری ہواؤں کی بدولت اعتدال میں رہا تاہم محکمہ موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ آئندہ چند روزمیں کراچی بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں آئے گا اورسمندری ہوائیں بند ہونے سے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرسکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی سندھ کی جانب ہوا کا کم دباؤ بن رہا ہے، شہرمیں 20 ہزارفٹ کی بلندی پرہوا کے کم دباؤ کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور5 ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچ کر ہوا کا کم دباؤ اپنے اثرات دکھائے گا۔ جس کی وجہ سے کراچی میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوجائے گا اور سمندر سے چلنے والی ہوائیں دوبارہ منقطع ہوجائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث جمعے سے اتوارتک شدید گرمی رہے گی جس کے بعد موسم بتدریج بہتر ہوتا جائے گا، شدید گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کا کوئی امکان نہیں۔