- الإعلانات -

حکومت مزدور اور کسان دشمن ہے، بلاول بھٹو زرداری

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مزدور دشمن حکومت ہے، یہ حکمران قوم کی دولت لوٹتے ہیں اور پاناما میں آف شور کمپنیاں بناتے ہیں، یہ حکمران 200 ارب کی اورنج ٹرین بناتے ہیں لیکن غریبوں کے لیے ایک اسپتال نہیں بناتے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد مزدوروں کے حقوق کے لیے 13 قوانین سندھ اسمبلی سے منظور کرائے جبکہ مزید قوانین بھی جلد پیش کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے علاوہ آئی جی سندھ بھی شریک تھے، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی جانب سے محنت کشوں میں 50 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی تقسیم کی۔