- الإعلانات -

مخالفین جھوٹ اور الزام تراشی کرتےہیں، وزیراعظم

لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مخالفین روزگالیاں نکالتے ہیں، ہم ان کی گالیوں کا جواب گالیوں سے نہیں دیتے، وہ کیسے قوم کے لیڈر بن سکتے ہیں جن کی اپنی زبان ہی اپنی قابو میں نہ ہو۔

وزیراعظم نے لیہ میں مخالفین کے امیدوار کی ضمانت ضبط کرانے کا چیلنج دے دیااور کہا کہ آج کا جلسہ مجھے 2018 کی نوید سنارہا ہے ، مخالفین کی دس جلسیاں بھی اس ایک کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ چنددن پہلےبجلی کے کارخانوں کا کام شروع کرادیاہے،اگلے سال کے شروع تک 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں لائیں گے اور لوڈشیڈنگ کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گےجس کے بعد بجلی کبھی نہیں جائےگی۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ گھروں اور کاشت کاروں کو سستی بجلی فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ہم نے کھاد اور یوریا بھی سستی کی جس کی قیمت میں مزید کمی لائی جائے گی۔

ان کا کہناتھاکہ پاکستان میں جگہ جگہ موٹرویز،سڑکیں بن رہی ہیں،فاصلےکم ہورہے ہیں،آج لیہ سے تونسہ تک پل بنایا جارہا ہے،180کلومیٹرکافاصلہ24کلومیٹرمیں مکمل ہوجائیگا،یہ فاصلہ صرف آدھے گھنٹے میں طے ہوجائےگا۔

وزیراعظم نے لیہ کے عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ ،چوک اعظم،کہروڑ پکا اور فتح پور کے لئے گیس کی فراہمی اور چک 128 سے لیکر سمراں نشیب تک 50 کلومیٹرسڑک بنانے کا اعلان کیا ۔

نوازشریف کا کہناتھاکہ جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا بھی کرتا ہوں،دوستوں کو بھی نہیں بھولتا،700کروڑروپے لیہ کے عوام پر قربان کرتا ہوں،سیاست ہمیشہ عبادت سمجھ کر کی ہے۔