- الإعلانات -

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کر دیا

اسلام آباد : سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کر دیا، کل تین روزہ دورے پر پشاور روانہ ہوں گے جہاں وہ صوبائی کابینہ کے ارکان،ارکان پارلیمنٹ اور ضلعی صدور سے ملاقا تیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دو ہزار اٹھارہ کے عام انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں، سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں ، پیپلزپارٹی کی قیادت بھی مختلف علاقوں کے دورے کر رہی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری تیرہ مئی سے 16 مئی تک پشاور میں قیام کریں گے، حکومت اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے، پشاور میں اپنے قیام کے دوران سابق صدر افتخار خان جھگڑا مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھر بھی جائیں گے۔.

سابق صدر ظاہر علی شاہ کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطا ب بھی کریں گے۔

پیپلز پارٹی رہنما ارباب عالمگیر ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، سابق صدر آصف زرداری پارٹی رہنما سیف اللہ خان کے عشائیہ میں بھی شرکت کریں گے۔

سابق صدر اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی پشاور آمد کے موقع وہاں جشن کا سماں ہے، پارٹی کارکن اپنے قائد کے آنے پر بہت پرجوش ہیں۔

بلوچستان کے دورے کے دوران سابق صدر آصف زرداری سے امن جرگہ کے کنوینر اور خلجی قومی تحریک کے چیئرمین لالا یوسف خان خلجی نے ملاقات کی،،ملاقات میں یوسف خان خلجی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔