- الإعلانات -

میرا الیکشن لڑنے کاکوئی ارادہ نہیں: حسین نواز

فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں حسین نواز پاناما کیس کی جے آئی ٹی کے سامنے آج پانچویں مرتبہ پیش ہوئے، پیشی کے بعد باہر آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا ہے کہ آج میری پانچویں پیشی تھی، فی الحال دوبارہ مجھے نہیں بلایا گیا، نہ ہی ابھی تک اگلی پیشی کا سمن میرے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے سوالات کی نوعیت سے لگتا نہیں کہ اگلی پیشی ہوگی لیکن بلائیں گے تو ضرور آؤں گا،یہ قانون کی پاسداری کا تقاضا ہے۔

حسین نواز نے یہ بھی کہا کہ جہاں تک ثبوت کا تعلق ہے انشااللہ ان کو کوئی ثبوت نہیں ملے گا،اگر ثبوت ملتا ہے تو میں خود کہتا ہوں کہ ایکشن ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ثبوت ملنے پر کارروائی ہونی چاہیے، سزا ملنی چاہیے، شکوک و شبہات کی بناپر کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔

اس موقع پر مسلم لیگ نے کے کارکنوں نے حسین نواز کے حق میں نعرے لگائے، جس کے بعد وہ گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ پاناما عمل درآمد کیس کے سلسلے میں حسین نواز آج پانچویں بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی حسن نواز بھی جے آئی ٹی کے سامنے دو بار پیش ہو چکے ہیں۔