- الإعلانات -

اسلام آباد: کم سن ملازم پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

وفاقی دارالحکومت میں کم سن ملازم پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سیکٹر ایف 10 کے ایک گھر میں 13 سالہ ملازم بچے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

مذکورہ بچے کے بھائی بشیر احمد کی جانب سے شالیمار تھانے میں درج کرائے گئے مقدمے میں 2 افراد کو نامزد کیا گیا، جبکہ ایف آئی آر میں اغواء اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بشیر احمد کا بھائی سیکٹر ایف 10 میں واقع محمد فیاض نامی شخص کے گھر میں صفائی کا کام کیا کرتا تھا جو 2 دن سے لاپتہ تھا۔

ڈان کو حاصل ہونے والی ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق بچے کے 29 سالہ بھائی کو 16 جون کو جواد نامی شخص کی فون کال موصول ہوئی جس میں آگاہ کیا گیا کہ ان کے بھائی نے چوری کی ہے اور برتن توڑ کر ان کا نقصان کیا ہے۔