- الإعلانات -

پاکستان کی تاریخی فتح پر مقبوضہ کشمیر میں جشن

سرینگر سمیت مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں نے پاکستان کی بھارت کو تاریخی شکست پر جشن منایا اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کشمیری نوجوانوں کی بڑی تعداد مقبوضہ وادی میں ٹی وی کی دکانوں پر جمع نظر آئی اور پاکستان کی جیت کے بعد آتش بازی کے ساتھ ساتھ جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگاتی رہی۔

ایک کشمیری نوجوان نے پاکستان کی فتح کی جشن مناتے ہوئے کہا کہ ‘یہ وہی موقع ہے جس کا انہیں بہت عرصے سے انتظار تھا۔۔۔یہ ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے’۔

ایک نوجوان عامر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرافی جیتنے کی خوشی اپنی جگہ، وہ سیاسی طور پر بھی اپنی خوشی منا رہے ہیں۔

کشمیری شہریوں کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کی گئی تصاویر میں کشمیریوں کو آتش بازی کرتے اور بھنگڑے ڈالتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے پاکستان ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہر طرف آتشبازی ہو رہی اور ایسا لگ رہا ہے کہ یہاں عید کا سماں ہے۔