- الإعلانات -

چیئرمین سینیٹ کا صحافی کے خلاف کارروائی کا حکم

پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے ممبران پارلیمنٹ کے بارے میں نازیبا الفاظ کہنے پر انگریزی اخبار ’دی نیشن‘ کے ایڈیٹر سلیم بخاری کے خلاف کارروائی سے متعلق رولنگ دی ہے اور حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس صحافی کے خلاف کارروائی کرے۔ سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے یہ رولنگ ایوان میں موجود ارکان کی طرف سے مذکورہ صحافی کی طرف سے ارکان پارلیمنٹ کے خلاف نازیبا الفاظ کہنے کے خلاف تقاریر کے بعد دی۔

سلیم بخاری نے 27 اکتوبر کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں پارلیمنٹیرین کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ آئین ا ور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ بعد ازاں پروگرام کے میزبان کے کہنے پر سلیم بخاری نے اپنے الفاظ واپس لے لیے تھے۔ سینیٹ کے چیئرمین نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئین اظہارِ رائے کی اجازت ضرور دیتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس آزادی کا غلط استعمال کیا جائے اور لوگوں اور اداروں کے بارے میں توہین آمیز الفاظ ادا کیے جائیں۔