- الإعلانات -

ملتان :سانحہ احمد پور شرقیہ ، اموات کی تعداد 195 ہوگئی

نشتر ہسپتال میں مزید دو زخمی زندگی کی بازی ہار گئے ، دو زخمیوں نے لاہور کے جناح ہسپتال میں دم توڑ دیا ، لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا

ملتان  سانحہ احمد پور شرقیہ کے سات روز بعد بھی اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا ، نشتر ہسپتال ملتان اور جناح ہسپتال لاہور میں مزید 4 زخمی دم توڑ گئے ، سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 195 ہو گئی ۔ سانحہ احمد پور شرقیہ کو سات روز گزر گئے ، حادثے کے مزید دو زخمی نشتر ہسپتال ملتان میں زندگی کی بازی ہار گئے ،

اشرف اور ہارون ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج تھے ، دو زخمی لاہور کے جناح ہسپتال میں خالق حقیقی سے جا ملے ۔ نشتر ہسپتال میں ایک ہفتے کے دوران 42 بدقسمت جانیں چلی گئیں جبکہ سانحہ کے مزید 23 زخمی اب بھی برن یونٹ میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

انسانیت سوز سانحہ کے بعد علاقے میں فضا تاحال سوگوار ہے ۔ مزید لاشیں پہنچنے پر بچ جانیوالے گھرانوں میں کہرام مچ گیا ، آگ نے خاندانوں کے خاندان اجاڑ دئیے ، سراج الحق بھی متاثرین کی داد رسی کیلئے احمد پور شرقیہ پہنچ گئے ۔ جاں بحق افراد کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی ۔ ان کا کہنا تھا انتظامیہ صورتحال کو کنٹرول کرتی تو ہلاکتیں کم ہوتیں ۔ امیر جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ سے سانحہ پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔