- الإعلانات -

کراچی :بارشوں کے بعد ٹوٹی سڑکوں کی مرمت شروع نہ ہوسکی

شہر کی مختلف سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے ، کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر ، ہر طرف تعفن اور غلاظت پھیل گئی

 کراچی میں بارش کا سلسلہ ختم ہوئے تین دن گذر گئے ، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں ، مسائل کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ کراچی میں بارش تو تھم گئی لیکن مسائل جوں کے توں ہیں

شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جن کی مرمت کا کام تاحال شروع نہ ہوسکا ۔ سرجانی ٹاؤن فور ، چورنگی کی سڑک کی حالت بھی ابتر ہے ۔ جگہ جگہ گڑھے پڑے ہیں ، ٹریفک کی روانی متاثر ہے ، دیگر علاقوں میں بھی لوگ پریشانی کا شکار ہیں ، بارش کے بعد جگہ جگہ کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر ہیں ۔

تین دن ہوگئے ، انتظامیہ کا دور دور تک کچھ پتہ نہیں ، ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کو لاوارثوں کی طرح چھوڑ دیا گیا ہے ۔ کراچی شہر میں ہر طرف بدبو ، پھیلی ہوئی ، نالے بھی کچرے سے بھرے پڑے ہیں ۔ 5 جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے ۔ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو کراچی شہر ایک بار پھر ڈوب جائے گا ۔