- الإعلانات -

اسلام آباد ، راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ، نشیبی علاقے زیر آب

جڑواں شہروں میں 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں

اسلام آباد  راولپنڈی ، اسلام آباد میں گزشتہ رات سے بارش جاری بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ، واسا عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ، ہیوی مشینری الرٹ کر دی گئی ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں گزشتہ رات تین بجے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

جڑواں شہروں میں صبح نو بجے تک 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مسلسل بارش کے باعث راولپنڈی کے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ۔ صادق آباد ، شمس آباد ، گوالمنڈی ، ٹینچ ، جامع مسجد روڈ ، ندیم کالونی اور جاوید کالونی میں بارش کا پانی جمع ہو گیا ۔ مری روڈ پر کمیٹی چوک انڈر پاس اور فیض آباد پر سڑک تالاب میں تبدیل ہوگئی جس کے باعث متعدد گاڑیاں اس میں پھنس گئیں ۔

نالہ لئی میں گوالمنڈی کے قریب پانی کی سطح ساڑھے پانچ فٹ جبکہ کٹاریاں کے مقام پر 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ واسا نے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے جمعرات کے دوران بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ فاٹا ، گلگت بلتستان اور جنوبی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، ڈی جی خان ڈویژن ، اسلام آباد ، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی ، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔ وقفے وقفے سے بارش کے باعث مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔