- الإعلانات -

کراچی :کورنگی میں مکان کی چھت گرنے سے ماں جاں بحق ، بیٹا زخمی

چھت گرنے کا واقعہ رات گئے پیش آیا ، ماں موقع پر دم توڑ گئی ، زخمی بیٹے کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا

 کراچی کے علاقے کورنگی میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے ماں جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا ، علاقہ مکینوں نے واقعہ مالک مکان کی غفلت کا شاخسانہ قرار دے دیا ۔ کورنگی نمبر ڈیڑھ کے بدقسمت مکان میں رات گئے قیامت ٹوٹ پڑی ۔

خستہ حال رہائشی مکان کی چھت گری اور ماں بیٹے کو ملبے تلے دبا ڈالا ۔ واقعہ کی شکار 55 سالہ نسرین موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ اس کا بیٹا اویس شدید زخمی ہوا ۔ علاقہ مکین کہتے ہیں اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ خاندان کو بچانے کی کوشش کی ۔

اہل علاقہ کے مطابق مالک مکان کی غفلت نے ماں کی زندگی تو چھینی ہی ساتھ زخمی بیٹے کا واحد ذریعہ آمدن بھی تباہ کرڈالا ۔ خستہ حال مکان دھماکے سے گرا اور ہر طرف آہ و بقا کی آوازیں آنے لگیں ۔ واقعے کے بعد زخمی اویس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جاں بحق نسرین کی لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی ۔