- الإعلانات -

ریلوے ڈرائیورز کی مطالبات کے حق میں ہڑتال ، مسافر رل گئے

محراب پور ، خیرپور اور روہڑی پر ٹرینیں رکنے سے آمد و رفت کا نظام درہم برہم ، کراچی میں مذاکرات کے بعد ٹرین آپریشن بحال

لاہور  ریلوے ڈرائیورز کی مطالبات کے حق میں ہڑتال کے باعث مسافر رُل گئے ، مسافروں کی بڑی تعداد کئی گھنٹوں تک مختلف سٹیشنز پر انتظار کی سولی پر لٹکتی رہی ۔ انتظامیہ کے ایکشن کے بعد مختلف ٹرینوں کو متبادل عملے کے ساتھ روانہ کر دیا گیا ، کراچی میں ٹرین ڈرائیورز نے ہڑتال ختم کر دی ، عوام ایکسپریس منزل کی جانب رواں دواں ہے ۔ ریلوے ڈرائیورز کی مطالبات کے حق میں ہڑتال کے باعث ریلوے کا پہیہ رات بھر جام رہا ۔

ریلوے ڈرائیورز نے تیزگام ، قراقرم ایکسپریس ، فرید ایکسپریس ، خیبر میل ، علامہ اقبال ، ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس کو روہڑی ، محراب پور ، خیرپور اور دیگر سٹیشن پر روکا جس کے باعث ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ ہڑتال کے باعث لاہور ریلوے سٹیشن پر شالیمار ایکسپریس ، کراچی ایکسپریس ، نائٹ کوچ سمیت متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں ۔ مسافر انتظار کی سولی پر لٹک گئے ۔

کراچی ریلوے سٹیشن پر بھی ڈرائیور کی ہڑتال کے باعث مسافر ٹرین کا انتظار کرتے رہے اور ریلوے انتظامیہ کوستے رہے ۔ روہڑی ریلوے سٹیشنز پر بھی ٹرینوں کی ہڑتال کے باعث مسافر پریشانی سے دو چار رہے اور اس انتظار میں رہے ٹرین کب آئے گی ۔ ٹرین ڈرائیور کے مطالبات تھے کہ مائلج الاؤنس ، برطرف ڈرائیوروں کی بحالی اور پے سکیل اپ گریڈ کیا جائے ۔ ہڑتال کے بعد حکام ایکشن میں آئے ، متبادل ڈرائیوز کا انتظام کیا اور مختلف ٹرینوں کو منزل کی جانب روانہ کیا ۔ کراچی میں ٹرین ڈرائیورز نے ہڑتال ختم کر دی ۔ کینٹ ریلوے سٹیشن سے عوام ایکسپریس تاخیر سے روانہ کر دی گئی ۔