- الإعلانات -

عمران خان، شیخ رشید، سراج الحق پانامہ کا فیصلہ سننے خود سپریم کورٹ جائیں گے

سپریم کورٹ آج پانامہ کیس کا بڑا فیصلہ سنائے گی۔ اس موقع پرعمران خان، سراج الحق، شیخ رشید، چودھری شجاعت اور نیئر بخاری سپریم کورٹ جائیں گے جبکہ حکومت کی طرف سے مریم اورنگزیب عدالت عظمیٰ پہنچیں گی۔

اسلام آباد:  سب سے بڑے کیس کا بڑا فیصلہ آنے میں چند گھنٹے باقی، سیاسی ہلچل عروج پر پہنچ گئی۔ عمران خان پانامہ کیس کا فیصلہ سننے خود سپریم کورٹ جائیں گے جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر مرکزی رہنما بھی کپتان کے ساتھ ہوں گے۔ حکومت کی طرف سے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب عدالت عظمیٰ پہنچیں گی۔ شیخ رشید، سراج الحق اور چودھری شجاعت سپریم کورٹ جائیں گے۔ نیئر بخاری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد بھی فیصلہ سننے جائے گا۔ پی ٹی آئی نے وزیر اعظم پر استعفے کا دباؤ بڑھانے کیلئے احتجاج کی دی گئی کال واپس لے لی۔ بلاول بھٹو زرداری بھی دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے۔ دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے اپنے اپنے اجلاس بھی بلا لیے۔