- الإعلانات -

غیرت کے نام پرقتل، نوجوان کی لاش درخت سے لٹکا دی

راولپنڈی:راولپنڈی کے نواحی قصبے ٹھلہ کلاں میں 23سالہ نوجوان مبشرکو غیرت کے نا م پر قتل کر کے اس کی لاش کو درخت سے لٹکا دیا۔
تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ مقتول کی پہچان مبشر کے نام سے ہوئی ہے جس کو منیر نامی شخص نے غیرت کے نا م پر قتل کیا کہ وہ سمجھتا تھا کہ اس کی اہلیہ کے مقتول کے ساتھ تعلقات ہیں۔ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں چونترہ پولیس نے منیر سمیت 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا، جنہوں نے مبشر کو قتل کرکے اس کی لاش ایک درخت سے لٹکا دی اور پھر جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

تفتیشی افسر سب انسپکٹر احمد نواز نے ڈان نیوز کو بتایا کہ مقتول نوجوان چرواہا تھا، تاہم اس بات کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے ذریعے ہوگی کہ ملزمان نے مقتول کو زہر دے کر قتل کیا یا پھر اس کا گلا گھونٹا گیا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ چونکہ نوجوان کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی، لہذا پولیس تفتیش میں اس پہلو کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ کہیں مبشر نے خودکشی تو نہیں کی۔
مقتول کے بھائی محمد اقرار نے پولیس کو بتایا کہ منیر کو شبہ تھا کہ اس کی اہلیہ اور مبشر کے آپس میں تعلقات ہیں، لہذا اس نے اسے بغیر کسی تحقیق اور شواہد کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔