- الإعلانات -

بنگلہ دیشی خاتون سفیر پاکستان سے بے دخل

ڈھاکا: پاکستان نے بنگلہ دیش سے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں تعینات اپنی ایک خاتون سفیر واپس بلا لے۔بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ شاہد الحق نے بتایا کہ اسلام آباد نے منگل کو ڈھاکا سے کہا کہ وہ ہائی کمیشن میں تعینات سینئر سفارت کار اور پولیٹیکل کونسلر موشومی رحمٰن کو اگلے 48 گھنٹوں میں واپس بلا لے۔ شاہد الحق نے اے ایف پی کو بتایا کہ پولیٹیکل سیکریٹری کے پاس پاکستان چھوڑنے کیلئے جمعرات تک کا وقت ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق موشومی رحمٰن کو سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں پر ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ پاکستانی وزارت داخلہ اور متعلقہ ایجنسیوں سمیت بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان نے کسی بنگلہ دیشی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کے لیے کہا ہے۔