- الإعلانات -

پشاور میں ایلیٹ فورس کے 2 اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ایلیٹ فورس کے اہلکاروں پر پشاور کے نواحی علاقے رشید گڑھی میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے حملہ کیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) امتیاز کا کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار شاہ زیب اور احسان اللہ موٹر سائیکل پر اپنے ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے ان پر فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اہلکار سیکیورٹی چیکنگ کے ماہر تھے۔

سینٹرل سیٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) مبارک زیب خان نے میڈیا کو بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو جس علاقے میں نشانہ بنایا گیا، واقعے کے بعد اس کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

عینی شاہد کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر گھر سے باہر آنے پر انہوں نے دیکھا کہ دونوں اہلکار زخمی حالت میں پڑے ہوئے ہیں، دونوں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے ہی ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی نئی لہر نے جنم لیا ہے۔