- الإعلانات -

آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے”وزیراعظم نوازشریف”

اسلام آباد :وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہر قیمت پرجیتنی ہے،فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

ملک میں دہشتگردی کے واقعات اورسیاسی صورتحال پرمشاورت کے لیے وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے چارسدہ حملہ سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کی کارروائیوں پرتشویش کا اظہار کیا۔

مشاورتی اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیرداخلہ چوہدری نثار،وزیر اطلاعات پرویزرشید، مشیرخارجہ سرتاج عزیز اوردیگر شریک تھے۔

اجلاس میں ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال کا جائزہ اوردہشتگردی کی حالیہ لہر سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔بھارت اور افغانستان کے ساتھ حالیہ معاملات بھی زیرغور آئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جیتنی ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں فورسز کی کامیابیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان صحیح ٹریک پرآچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  نیشنل ایکشن پلان کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کراچی آپریشن سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ہرحال میں اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔