- الإعلانات -

فاٹااوربلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے”وزیراعظم”

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔سیاسی اورعسکری قیادت نے اتفاق کیا ہے کہ ضرب عضب اور کراچی آپریشن سے سو فیصد نتائج حاصل کئے جائیں گے۔

ایوان وزیراعظم میں سیاسی اور عسکری قیادت کے اجلاس میں سانحہ چارسدہ،پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد کے حالات اور ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آرمی چیف نے اجلاس کے شرکاء کو سانحہ چارسدہ کے بعد افغان قیادت اور امریکی کمانڈر جنرل جان کیمبل سے ہونے والے رابطوں پر اعتماد میں لیا۔

اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں امن کی بحالی کے لئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ کراچی،فاٹااوربلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعہ پر بھارت سے مزید ثبوت مانگنے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھارت بھجوانے پرغور کیا گیا۔اجلاس میں سانحہ چارسدہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔