- الإعلانات -

پی آئی اے کے فلائٹ سروس بحال

اسلام آباد:  دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں پی آئی اے کے ہیڈ آفس کھول دیئے گئے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی فلائٹس آپریشن ‘جزوی طور بحال’ ہوگیا.

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کو پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوا، جہاں فلائٹ نمبر پی کے 732 تقریباً 12 گھنٹے کی تاخیر کے بعد دوپہر 1 بجکر 50 منٹ پر جدہ سے زائرین عمرہ کو لے کر وطن پہنچی.

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کے باعث تقریبآ 6 دن تک فلائٹ سروس کی بندش کے بعد گذشتہ روز (یعنی اتوار) کو فلائٹ سروس جزوی طور پر بحال ہوئی تھی،جب دو بوئنگ طیارے سعودی عرب میں پھنسے 725پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچے.

پی آئی اے کی دو مزید پروازوں نے اتوار کی رات بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ کے لیے اڑان بھری جبکہ ایک اور پرواز پی کے 211 شام میں دبئی کے لیے روانہ ہوئی.

اندرون ملک بھی پی آئی اے کی ایک پرواز 4 مسافروں کو لے کر اتوار کو گلگت ایئرپورٹ پر اتری اور وہاں پھنسے مسافروں کو لے کر واپس اسلام آباد روانہ ہوئی.

ایک ڈومیسٹک اور ایک انٹرنیشنل فلائٹ لاہور سے بھی روانہ ہوئی، تاہم ملک کے باقی ایئرپورٹس پر فلائٹ سروس گذشتہ روز بحال نہ ہوسکی تھی۔