قومی

پاکستان ایئرفورس اندرونی اوربیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے

کراچی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس اندرونی اوربیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ایئر وار کالج کراچی میں سیمنار سے خطاب کے دوران ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس اندرونی اوربیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے،ضرب عزب میں دہشتگردی کاخاتمہ کرکے پاکستان کومستحکم بنایا ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اندرون اوربیرونی خطرات سے آگاہ اور اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہے، پاک فضائیہ تجدید کے ایک نئے اور اہم دور سے گزررہی ہے۔ نئے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے معیاری تربیت ہمارا بنیادی اصول ہے۔ جی ایف تھنڈر جیسے کئی منصوبے زیرغور ہیں۔

امیر مقام کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں”عمران خان”

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ امیر مقام ڈاکٹروں کو ہڑتال پر اکسا رہے ہیں وہ کون ہوتے ہیں کہ ہسپتالوں میں جاکر انتشار پھیلائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔انہوںنے صوبائی حکومت کو کہا کہ وہ امیر مقام کیخلاف ایف آئی ار درج کرائیں ۔علاوہ ازیں امیر مقام نے کہا ہے کہ وہ کسی مقدموں سے نہیں ڈرتے جس نے جو کرنا ہے کر لے۔

سپریم کورٹ نے سانحہ APS میں ملوث تین مجرموں کی سزائے موت روک دیا

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سانحہ APS  میں ملوث تین مجرموں کی سزائے موت پرعملدرآمد روک دیا ہے۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سانحہ APS  میں ملوث 3 مجرموں کی سزائے موت پرعملدرآمد روک دیا ۔ مجرموں کے وکیل لطیف آفریدی نےعدالت کوبتایا کہ فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا، ٹرائل کا ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔سزائے موت کا میڈیا کے ذریعے علم ہوا۔ہائی کورٹ نے بھی ہماری درخواستوں کو نہیں سنا۔

عدالت نے سزائےموت پرعملدرآمد روکتے ہوئے اٹارنی جنرل سے سزا کے خلاف اپیلوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اپیلوں پر فیصلہ ہوچکا ہے تو کاپی عدالت میں پیش کی جائے۔فیصلے کی کاپی پر فوجی عدالت کے ججوں کے نام اور عہدے نہ لکھے جائیں۔

کیس کی مزید سماعت 16فروری کو ہوگی۔

آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث مجرمان علی الرحمان، قاری زبیر اور تاج محمد پر  واقعے میں سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔

آرمی چیف نے 14اگست 2015 کو ان کی سزائے موت پر دستخط کیے تھے۔

راولپنڈی ایئرپورٹ کے اطراف میں دفعہ 144نافذ

راولپنڈی: راولپنڈی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 8اور 9فروری کو ائرپورٹ کے اطراف میں دفعہ 144نافذ رہے گی۔کسی کو بھی جلسہ یا جلوس کی اجازت نہیں ہوگی،دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144پی آئی اے ملازمین کے احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے باعث نافذ کی گئی ہے

پی آئی اے کے فلائٹ سروس بحال

اسلام آباد:  دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں پی آئی اے کے ہیڈ آفس کھول دیئے گئے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر بھی فلائٹس آپریشن ‘جزوی طور بحال’ ہوگیا.

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کو پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہوا، جہاں فلائٹ نمبر پی کے 732 تقریباً 12 گھنٹے کی تاخیر کے بعد دوپہر 1 بجکر 50 منٹ پر جدہ سے زائرین عمرہ کو لے کر وطن پہنچی.

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کے باعث تقریبآ 6 دن تک فلائٹ سروس کی بندش کے بعد گذشتہ روز (یعنی اتوار) کو فلائٹ سروس جزوی طور پر بحال ہوئی تھی،جب دو بوئنگ طیارے سعودی عرب میں پھنسے 725پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچے.

پی آئی اے کی دو مزید پروازوں نے اتوار کی رات بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ کے لیے اڑان بھری جبکہ ایک اور پرواز پی کے 211 شام میں دبئی کے لیے روانہ ہوئی.

اندرون ملک بھی پی آئی اے کی ایک پرواز 4 مسافروں کو لے کر اتوار کو گلگت ایئرپورٹ پر اتری اور وہاں پھنسے مسافروں کو لے کر واپس اسلام آباد روانہ ہوئی.

ایک ڈومیسٹک اور ایک انٹرنیشنل فلائٹ لاہور سے بھی روانہ ہوئی، تاہم ملک کے باقی ایئرپورٹس پر فلائٹ سروس گذشتہ روز بحال نہ ہوسکی تھی۔

عمران خان کی رواں سال تیسری شا دی کی پیشگوئی

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے شادی کی خواہشمند لڑکیوں اور خواتین کے انٹرویوز مکمل حتمی پیشرفت مارچ میں سامنے آنے کا امکان ہے بعدازاں عمران خان پر شادی کے لئے دباؤ بڑھایا جائے گا ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی جانب سے عمران خا ن کے لئے بعض لڑکیوں اور خواتین کے انٹرویوز مارچ میں مکمل کر لئے جائیں گے 17 لڑکیوں کی فہرست پہلے ہی عمران خان کے پاس ہے جنہوں نے تاحال اپنی بہنوں کو اس بارے میں جواب نہیں دیا ہے تین مزید لڑکیوں کے ناموں کی فہرست اور تصاویر عمران خان کے حوالے کی جائیں گی اور پھر ان سے حتمی لڑکی کا انتخاب کر کے شادی پر قائل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ معروف ستارہ شناس عمران خان کی رواں سال تیسری شا دی کی پیشگوئی کر چکے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں منگل اور بدھ کو بارش کا امکان

اسلام آباد:  راولپنڈی اسلام آباد میں منگل اور بدھ کو بارش کا امکان ہے۔ اس دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع صاف جبکہ سردی کی شدت میں کمی واقع ہو رہی ہے ، جڑواں شہروں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے تاہم آج اور کل بدھ کے روز راولپنڈی اسلام آباد اور مضافات میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے میدانی علاقوں میں بھی دھند پڑی ، سب سے کم حد نگاہ فیصل آباد میں 20 میٹر جبکہ بہاولپور ، بہاولنگر ، ساہیوال 50 ، ٹوبہ ٹیک سنگھ 100 ، اوکاڑہ 200 ، جھنگ 500 ، ملتان 600 ، سکھر اور لاہور میں 800 میٹر تھی۔ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ رواں ہفتے کے وسط میں شمالی بلوچستان ، خیبر پختو نخواہ ، فاٹا ، پنجاب ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ متوقع بارش کے پیش نظر خطہ پوٹھوہار اور خیبر پختونخواہ کے بارانی علاقوں میں گندم ، چنا اور دالوں کی فصل پر اچھے اثرات مرتب ہونگے

گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر اعظم ہاؤس کے عہدیدار نے گورنر خیبر پختونخوا کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب عباسی نے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنا تحریری استعفیٰ پیش کیا، جسے انہوں نے منظور کرکے حتمی منظوری کے لیے صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا۔ سردار مہتاب عباسی پارلیمانی سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں جس کے باعث انہوں نے استعفیٰ دیا.

واضح رہے کہ سردار مہتاب خان عباسی نے 14 اپریل 2014 کو گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

م

Google Analytics Alternative