- الإعلانات -

کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ بزدار حکومت نے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کر کے ادویات کی وافر مقدار فراہم کر دی ہے

کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ بزدار حکومت نے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی دور کر کے ادویات کی وافر مقدار فراہم کر دی ہے او راب طبی عملے کا فرض ہے کہ وہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں اور ان کے علاج میں کوئی کوتاہی نہ کریں،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئی ایمرجنسی شروع ہونے سے ہسپتال کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا اور مریضوں کو فوری علاج مہیا ہو سکے گا -انہو ں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے اچانک دورے کے دوران کہی جس میں انہوں نے ایمرجنسی میں سہولیات کی فراہمی اور زیر تعمیر نئی ایمرجنسی میں ترقیاتی کام کا جائزہ لیا -ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد اورایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بھی ان کے ہمراہ تھے -انہو ں نے ایمرجنسی میں متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ مریضوں کو تمام ضروری ادویات کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے -انہوں نے صفائی کی خراب صورتحال اور ادویات کو بے ترتیبی سے رکھے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ڈیوٹی عملے کو صفائی یقینی بنانے کو کہا -بعدازاں کمشنر محمد احسن وحید نے زیر تعمیر نئی ایمرجنسی بلاک کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی سست روی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بلڈنگ کو کام ہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی -انہوں نے کہا کہ نئے ایمرجنسی بلاک کی بر وقت تکمیل ہسپتال میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لئے ضروری ہے اس لئے تعمیراتی کام کو جلد مکمل کیا جائے –