- الإعلانات -

Time Inc نے یاہو کو خریدنے کی ڈیل پر غور شروع کر دیا ہے

اسپورٹس السٹریٹڈ، پیپل اور ٹائم میگزین شائع کرنے والے گروپ Time Inc نے یاہو کو خریدنے کی ڈیل پر غور شروع کر دیا ہے۔

بلوم برگ کی ایک رپورٹ میں معاملے سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ سٹی گروپ کے بینکروں نے ٹائم کو قائل کرنے کیلئے ایک پرزنٹیشن دی ہے۔

خیال رہے کہ یاہونے گزشتہ ہفتے اپنے بنیادی کاروبار سرچ، میل اور نیوز سائٹس کو فروخت کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

انٹرنیٹ کی سرخیل AOL کو خریدنے والی Verizon Communications Inc بھی یاہو کو خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یاہو، ٹائم اور سٹی گروپ فوری طور پر موقف دینے کیلئے دستیاب نہیں ہو سکے۔

حالیہ عرصے میں پرنٹ اشتہارات میں شدید کمی کا سامنا کرنے والی ٹائم آن لائن کمپنیاں خرید کر ڈیجیٹل دنیا میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ٹائم رواں مہینے کہہ چکی ہے کہ وہ سماجی نیٹ ورکنگ کی پہلی مشہور ویب سائٹ MySpace کو خریدے گی۔