- الإعلانات -

آئی فون سیون میں 256 جی بی کا آپشن بھی ہوگا

ایپل نے اپنے نئے آئی فون سیون میں صارفین کی سب سے بڑی شکایت دور کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

ایسی افواہیں ہیں کہ ایپل کی جانب سے رواں سال ممکنہ طور پر ستمبر میں متعارف کرائے جانے والے آئی فون سیون میں نئے اسٹوریج دیئے جاسکتے ہیں جن میں 256 جی بی کا آپشن بھی ہوگا۔

فون کی اسٹوریج میں اضافے کا فیصلہ صارفین کی جانب سے شکایات اور ڈیوائس میں ایپس سمیت مواد کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

ایپل نے گزشتہ سال اپنے آئی فون سکس ایس میں 4K ویڈیو کا فیچر متعارف کرایا تھا جو عام ویڈیو کے مقابلے میں ایک فوٹیج کے لیے فون میں دوگنا زیادہ جگہ گھیرتا ہے۔

ایپل کی جانب سے آئی فون سیون پلس میں ڈوئل رئیر کیمرہ متعارف کرائے جانے کا بھی امکان ہے جس سے لی جانے والی ہر فوٹو کے لیے میموری میں زیادہ جگہ کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق 256 کے مجوزہ ورژن کے بعد ایپل کی جانب سے 16 جی بی اسٹوریج والے آئی فون ورژن کو ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ایپل کے مین سپلائر سام سنگ نے اسمارٹ فونز کے لیے پہلی 256 جی بی اسٹوریج چپ پیش کی ہے۔

اس سے پہلے یہ رپورٹس بھی سامنے آچکی ہیں کہ ایپل آئی فون سیون میں ہیڈ فون پورٹ کے ختم کردے گا جبکہ اس ڈیوائس کا ڈیزائن سابقہ ماڈل سے کافی حد تک مختلف ہوگا اور پہلی بار واٹر پروف بھی ہوسکتا ہے۔