- الإعلانات -

دنیا کی تیز ترین ریگیرا ہائپر کار متعارف

دنیا کی تیز ترین گاڑی متعارف کرا دی گئی ہے جس نے بڑی بڑی کمپنیوں کو دنگ کرکے رکھ دیا۔

گزشتہ دنوں ہی معروف کمپنی بوگاٹی نے شیرون کے نام سے دنیا کی تیز ترین ہائپر گاڑی متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا اور آٹو ورلڈ کو ہلانے کی کوشش کی تھی مگر ایک نئی کمپنی نے اس سے بھی تیز ہائپر کار کو پیش کردیا ہے۔

کوینسیگیگ نامی سوئیڈش کمپنی نے ریگیرا ہائپر کار متعارف کرائی ہے۔

1590 کلو گرام وزنی اور 1500 ہارس پاور سے زیادہ طاقتور انجن کے ساتھ یہ گاڑی ہلکی، زیادہ طاقتور اور شیرون کے مقابلے میں زیادہ بہتر ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

اس گاڑی میں ایک منفرد ڈائریکٹ ڈرائیو ٹرانسمیشن سسٹم استعمال کیا گیا ہے جو کہ کسی اور کمپنی کی ہائپر کار میں موجود نہیں۔

یہ گاڑی 2.8 سیکنڈ کے اندر 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لیتی ہے جو کہ شیرون سے کچھ کم ہے مگر یہ صرف 20 سیکنڈ کے اندر 250 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑنے لگتی ہے۔

اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار اب تک سامنے نہیں لائی گئی جبکہ شیرون کی حد رفتار ڈھائی سو میل فی گھنٹہ ہے۔

گاڑی کے معیار کو بہترین رکھنے اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بیٹری سیلز کو ہاتھوں سے تیار کیا گیا ہے اور بیٹری کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔

اور ہاں اس میں ایپل کار پلے سسٹم بھی موجود ہے جو ٹیکنالوجی کے شائقین کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔