- الإعلانات -

ٹویوٹا کا ’فلائنگ گاڑیوں‘ کی کمپنی میں 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) جاپان کمپنی ٹویوٹا دنیا بھر میں اپنی کاروں کے حوالے سے بڑا مقام رکھتی ہے، پوری دنیا میں لوگ ٹویوٹا کی نئی گاڑیوں کی آمد کے منتظر رہتے ہیں، اب کار بنانے والی کمپنی نے ایک اعلان کیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ بجلی سے ہوا میں اُڑنے والی کمرشل گاڑیوں کی کمپنی کے ساتھ 400 ملین ڈالرز (40 کروڑ امریکی ڈالرز، تقریباً 63 ارب روپے) کی سرمایہ کاری کرے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی کمپنی ٹویوٹا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کمپنی کے اس اقدام سے لوگوں کو تیز، پُرسکون اور سستا فضائی سفر میسر آئے گا۔

ٹویوٹا کمپنی کے صدر اکیو ٹویوڈا کا کہنا ہے کہ جوبی ایوی ایشن فرم کے ساتھ معاہدے کا مقصد ہے کہ کمپنی اب خود کو نئے شعبوں میں وسعت دینا چاہتی ہے کیونکہ صنعت تیزی سے بدل رہی ہے۔ ٹویوٹا بھی کاریں بنانے سے آگے نقل و حرکت والی کمپنی بننے کا ارداہ رکھتی ہے۔

ٹویوٹا کے مطابق کمپنی گاڑیاں بنانے کے شعبے میں اپنا کام جاری رکھے گی، فضائی نقل و حمل ٹویوٹا کا ایک پرانا ہدف تھا اور معاہدے کے بعد نگاہیں اب اس نئے ہدف کو حاصل کرنے پر مرکوز ہو گئی ہیں۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ اس نئے اور دلچسپ منصوبے کے ذریعے ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے گاہک لُطف اندوز ہوں گے اور زمین کے بعد اب فضا میں بھی اُنہیں نقل و حمل کی آزادی میسر آئے گی۔

خبرر ساں ادارے کے مطابق جوبی ایوی ایشن فرم 2009ء میں قائم ہوئی تھی اور کمپنی چار مسافروں والا الیکٹرک جہاز بنانے کی تیاری پر کام کر رہی ہے جو ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی حالت میں ٹیک آف اور لینڈنگ کرے گا۔

جوبی ایوی ایشن فرم اس جہاز کو کسی فرد واحد کو فروخت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی بلکہ پائلٹس کے ساتھ کمرشل ٹرانسپورٹ کے طور پر چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ٹویوٹا کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ جوبی فرم کو معیاری اور کم قیمت اُڑنے والی کاریں بنانے کے لیے اپنے تجربے کی پیش کش کرے گی۔

یاد رہے کہ جوبی فرم نے پہلے ہی سواریاں لے جانے والی ٹیکسی سروس اُوبر کے ساتھ شہر میں چلنے والی ہوائی ٹیکسی سروس کی تیاری کا معاہدہ کر رکھا ہے۔

دوسری جانب ٹویوٹا جاپانی سکائی ڈرائیو منصوبے میں بھی شراکت دار ہے جو دنیا کی سب سے چھوٹی اُڑنے والی کار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔