- الإعلانات -

سام سنگ دنیا کا سب سے طاقتور بیٹری والا اسمارٹ فون پیش کرنے کیلئے تیار

سام سنگ بہت جلد اپنا سب سے طاقتور بیٹری والا اسمارٹ فون گلیکسی ایم 51 متعارف کرانے والی ہے۔

اس ڈیوائس کے بارے میں لیکس رواں سال مارچ سے سامنے آرہی تھیں، تاہم اس کا نام اب سامنے آیا ہے۔

نئی لیک میں بتایا گیا کہ گلیکسی ایم 51 میں اسنیپ ڈراگون 730 پراسیسر جبکہ 7000 ایم اے ایچ بیٹری دی جائے گی۔

درحقیقت یہ سام سنگ سے ہٹ کر کسی بھی معروف کمپنی کے اسمارٹ فون میں دی جانے والی سب سے زیادہ گنجائش والی طاقتور بیٹری ہے۔

لیک میں مزید بتایا گیا کہ گلیکسی ایم 51 میں بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرا اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا جائے گا جبکہ دیگر 2 کیمرے بھی ہوں گے مگر ان کے بارے میں تفصیلات فی الحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

گلیکسی ایم 51 میں 6.67 انچ کا ڈسپلے فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ ہوگا۔

فون میں 8 جی بی ریم کے ساتھ ساتھ بیٹری کو جلد چارج کرنے کے لیے 25 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ بھی دی جائے گی جو گلیکسی ایم 31 ایس میں بھی دی گئی۔

گلیکسی ایم سیریز کے فونز میں اکثر یہ کمپنی زیادہ طاقتور بیٹری دیتی ہے تاہم عموماً اس سیریز کے فونز بھارت تک محدود رہتے ہیں، تاہم گلیکسی ایم 51 کا سپورٹ پیج سام سنگ کی روسی ویب سائٹ میں نظر آیا۔

اس سے لگتا ہے کہ یہ فون بھارت سے ہٹ کر دیگر ممالک میں بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ابھی یہ تو واضح نہیں کہ ایک بار مکمل چارج کرنے پر فون کتنی دیر تک چل سکے گا تاہم گزشتہ سال 6000 ایم اے ایچ بیٹری کے بارے میں جنوبی کورین کمپنی نے بتایا تھا کہ اس پر صارف 29 گھنٹے تک لگاتار ویڈیوز، 130 گھنٹوں تک آڈیو پلے بیک دیکھ یا سن سکتا ہے۔

تو گلیکسی ایم 51 میں یہ دورانیہ زیادہ ہی ہوگا، جبکہ ممکنہ طور پر ریورس چارجنگ کا فیچر بھی فون کا حصہ ہوگا، جس سے صارف دیگر اسمارٹ فونز کو بھی اس کی مدد سے چارج کرسکیں گے۔

یہ فون ممکنہ طور پر ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔