- الإعلانات -

آئی فون استعمال کرنے والے ہوشیار

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے خبردار کیا ہے کہ آئی فون 12 سیریز کے فونز ممکنہ طور پر طبی ڈیوائسز جیسے پیس میکرز میں برقی مقناطیسی مداخلت کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایپل کی جانب سے آئی فون 12 سیریز کے سپورٹ دستاویز کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے یہ انتباہ کیا گیا۔کمپنی نے بتایا کہ آئی فون اور میگ سیف ایسیسریز سے میڈیکل ڈیوائسز کو کم از کم 6 انچ دور رکھنا چاہیئے یا وائرلیس چارجنگ پر یہ فاصلہ 12 انچ ہونا چاہیئے۔

ایپل نے زور دیا کہ میگ سیف اور میگ سیف ڈو میں ریڈیو سگنل ہوتے ہیں اور ان کے مقناطسی و برقی مقناطیسی میدان میڈیکل ڈیوائسز کے افعال میں مداخلت کر سکتے ہیں۔کمپنی نے کہا کہ آئی فون 12 سیریز میں دیگر ایپل اسمارٹ فونز سے زیادہ مقناطیس موجود ہے، تاہم طبی آلات کو ڈیوائسز سے کچھ دور رکھنے سے کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔

جنوری کے شروع میں ایک مضمون میں امریکا کے 3 ڈاکٹروں نے ایک آئی فون 12 اور ایک مریض میں نصب کارڈیو ویسکیولر ڈی فیبری لیٹر میں تعلق کا جائزہ لیا گیا، ٹیسٹ کے دوران یہ میڈیکل ڈیوائس سسپنڈ موڈ میں چلی گئی۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ طبی ڈیوائسز تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے مریضوں کو اس حوالے سے خبردار کرنا چاہیئے کیونکہ یہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ ایپل کی جانب سے جاری سیفٹی انفارمیشن کو تمام صارفین پڑھتے ہیں۔