- الإعلانات -

واٹس ایپ چیٹ ونڈو میں بڑی تبدیلی

دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے طویل عرصے بعد چیٹ ونڈو میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واٹس ایپ ایک ایسا فیچر لانے والا ہے جس سے چیٹ ونڈو میں میڈیا بھیجنے کا انداز ری ڈیزائن ہوگا، یہ وہ سیکشن ہے جہاں آپ کسی میسج کے لیے تصویر یا ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہیں۔

یہ فیچر اس وقت آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور ممکنہ طور پر بہت جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، اس تبدیلی کو واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے اینڈرائیڈ ورژن کے نئے بیٹا ورژن میں دریافت کیا۔ اینڈرائیڈ کے 2.21.5.4 بیٹا ورژن میں یہ نیا فیچر سامنے آیا ہے۔ ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں نئے اور پرانے یوزر انٹرفیس کے درمیان فرق کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔

اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں میں فرق موجود ہے، بائیں جانب پلس کے نشان کی جگہ تصویر کا آئیکون لے رہا ہے، اور چیٹ ٹیب میں ہلکے گرے رنگ کا بیک گراؤنڈ بھی نمایاں ہے۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن ہے جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے، فیس بک کی زیر ملکیت اس ایپ میں صارفین کے لیے مسلسل نت نئے فیچرز سامنے آتے رہتے ہیں، جو عام صارفین تک پہنچنے سے قبل بیٹا ٹیسٹرز کو دستیاب ہوتے ہیں۔