- الإعلانات -

گوگل پر 220 ملین یورو کا جرمانہ عائد

فرانس نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر اشتہاری اختیارات کا غلط استعمال کرنے پر 220 ملین یورو کا جرمانہ عائد کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی مسابقتی اتھارٹی کا کہناہے کہ گوگل حریفوں کو نقصان پہنچانے کے لیے اپنی آن لائن ایڈورٹائزنگ کو فروغ دے رہا ہے۔

اتھارٹیز کا کہنا ہے کہ گوگل ڈیجیٹل اشتہارات میں اپنی ملکیتی ٹیکنالوجیز کو ترجیح دینے میں ملوث پایا گیا اور اشتہارات کے معاملے میں اس نے اپنی کمپنیوں سے خصوصی برتاؤ رکھا جس کے باعث اس پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

دوسری جانب بلاگ پوسٹ میں گوگل کا کہنا ہے کہ آن لائن اشتہار مارکیٹنگ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کمپنی فرانس کی مسابقتی اتھارٹیز کے ساتھ متفق ہے، اس سلسلے میں آئندہ چند ماہ میں کچھ تبدیلیاں لائی جائیں گی اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کروایا جائے گا۔