- الإعلانات -

خلائی سفر کے شوقین نے 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں سیٹ خرید لی

واشنگٹن : ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے ساتھ خلائی سفر کرنے کےلیے نامعلوم شخص نے دو کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم خرچ کردی۔

دنیا کی معروف ای کامرس کمپنی کے مالک جیف بیزوس کی جانب سے خلائی سفر کےلیے ٹوئرازم کمپنی متعارف کرائی گئی تھی، جو پہلی مرتبہ انسانوں کو خلاء کا سفر کروائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سفر میں جیف بیزوس سمیت کل 6 مسافر شریک ہوں گے۔ خلائی سفر کےلیے ای کامرس ایمازون کے بانی کے ساتھ سفر کےلیے پیش کی جانے والی خالی سیٹ 28 ملین ڈالر میں نیلام ہوگئی ہے، جسے خریدنے والے شخص نے اپنا نام پوشیدہ رکھا ہے۔

سیٹ کی نیلامی میں 159 ممالک سے 7 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔ واضح رہے کی بلیو اوریجن کمپنی پہلی دفعہ انسانوں کو خلاء میں لے کر جائے گی، یہ سفر 11 منٹ پر منحصر ہوگا جس میں کل چھ مسافر ہوں گے۔ خیال رہے کہ کمپنی اس سے قبل سولہ دفعہ آٹو میٹک پروازیں کرچکی ہے لیکن پہلی دفعہ کسی پرواز میں انسان کو خلاء میں پہنچایا جائے گا۔