- الإعلانات -

اب ایئرپورٹ میں چیک اِن کا عمل صرف 15 سیکنڈز میں مکمل ہو گا

اب ایئرپورٹس میں داخل ہونے کے بعد طیارے میں سوار ہونے کے لیے قطار میں لگ کر انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور چیک اِن کا عمل محض 15 سیکنڈز میں مکمل ہو سکے گا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں جلد ایسی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی جس کی بدولت چیک اِن کا عمل محض 15 سیکنڈز میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس سے ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد و رفت کے عمل کو تیز تر کیا جا سکے گا۔

ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں گائیٹیکس 37 ٹیکنالوجی شو کے پہلے روز دبئی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنس اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) کے حکام نے شرکاء کو ’’اسمارٹ ٹنل‘‘ ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا۔ ادارے کے اسسٹنٹ جنرل میجر خالد الفیلاصی نے کہا کہ یہ اسمارٹ سرنگیں دبئی میں پاسپورٹ کنٹرول کا مستقبل ہیں۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی ٹیکنالوجی دنیا میں کہیں بھی موجود نہیں، پہلی بار دبئی میں اسمارٹ سرنگ کا تجربہ کیا جا رہا ہے جس میں بائیومیٹرک سسٹم اور چہرے کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی نصب ہے اور مسافر کو صرف اس سرنگ سے گزرنا ہوتا ہے باقی کام سسٹم خود کر لیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر کو پاسپورٹ دکھانے کی بھی ضرورت نہیں رہتی کیوں کہ اس ٹنل میں نصب ٹیکنالوجی چہرے کو شناخت کرکے سارا بائیو ڈیٹا نکال لیتی ہے۔ لہٰذا چیک ان کا عمل مکمل ہونے میں اتنا ہی وقت لگتا ہے جتنا ایک شخص اس ٹنل سے گزرنے میں لگاتا ہے یعنی تقریباً 15 سیکنڈز۔

اس ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے (جی ڈی آر ایف اے) ایمریٹس ایئرلائن سے رابطے میں ہے۔ ان اسمارٹ سرنگوں میں آنکھ کی پتلی کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے، پہلے مسافر کو سرنگ کے سامنے کھڑا ہونا ہوتا ہے جس کے بعد چہرے کی شناخت کے لیے وہ اس کے اندر داخل ہو جاتا ہے، چند سیکنڈ میں وہ اس ٹنل کو عبور کر لیتا ہے اور اسی دوران اس کے کوائف کی تصدیق ازخود مکمل ہو جاتی ہے، پاسپورٹ پر اسٹیمپ یا کسی اور کام کے لیے انسانی مداخلت کی ضرورت باقی نہیں رہتی