- الإعلانات -

وہ اسمارٹ فون جو خوش قسمت لوگ ہی حاصل کرسکیں گے

دنیا کا وہ پہلا اسمارٹ فون جس کے لیے لوگ لاکھوں روپے خرچ کرنے کے لیے تیار ہیں مگر وہ خوش قسمت افراد کو ہی مل سکے گا۔

جی ہاں یہ ہے ایپل کا اب تک سب سے بہترین آئی فون ایکس (10) جو تین نومبر سے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

مگر ایپل کو سب سے بڑا مسئلہ آئی فون ایکس کی تیاری کا درپیش ہے اور وہ اسے پیش کیے جانے کے موقع پر صرف 20 سے 30 لاکھ سیٹس ہی صارفین کو دے سکے گی۔

یہ دعویٰ ایپل کی سپلائی لائن کمپنی کے جی آئی سیکیورٹیز کے تجزیہ کار کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

آئی فون ایکس کی قیمت 999 ڈالرز ہوگی جس کے پری آرڈر 27 اکتوبر سے جبکہ 57 ممال میں تین نومبر سے دستیاب ہوگا۔

اس سے قبل ایپل نے جب 2014 میں اپنے سب سے ایڈوانس فون کے اولین چوبیس گھنٹوں کے اندر پری آرڈرز کے اعدادوشمار جاری کیے تھے تو وہ 40 لاکھ تھے جبکہ آئی فون ایکس کی مانگ اس سے کہیں زیادہ ہے اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ لاکھوں روپے خرچ کرنے کے لیے تیار افراد بمشکل ہی اسے نومبر یا دسمبر میں حاصل کرسکیں گے۔

تاہم آئی فون ایکس اگلے سال کی پہلی یا دوسری سہ ماہی میں صارفین کو آسانی سے دستیاب ہوگا کیونکہ اس وقت تک کمپنی پروڈکشن مسائل پر قابو پالے گی۔

اس وقت ایپل کو انٹینا سرکٹ بورڈ، وائیڈ اینگل کیمرہ موڈیول اور ٹرو ڈیپتھ کیمرے کی سپلائی کا مسئلہ درپیش ہے جبکہ او ایل ای ڈی کا حصول بھی آسان ثابت نہیں ہورہا۔

تو آئی فون ایکس کے لیے لوگ پہلے دن لمبی قطار بنا کر کھڑے ہوں یا پری آرڈر کریں، وہ خوش قسمت افراد کو ہی مل سکے گا۔